ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انسداد گؤ کشی ضابطہ کا کرناٹک کی ریاستی حکومت چیلنج کرے گی ؛ سدرامیا کی ماہرین قانون سے مشاورت

انسداد گؤ کشی ضابطہ کا کرناٹک کی ریاستی حکومت چیلنج کرے گی ؛ سدرامیا کی ماہرین قانون سے مشاورت

Wed, 31 May 2017 00:23:14    S.O. News Service

بنگلورو۔30؍مئی(ایس او  نیوز) شدید مخالفت کے باوجود مرکزی حکومت کی طرف سے لائے گئے انسداد گؤ کشی ضوابط کا ریاستی حکومت نے عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے محکمۂ ماحولیات کی طرف سے لائے گئے انسداد مظالم حیوانات (جانوروں کی مارکیٹنگ پر روک تھام) قانون کے مطابق ملک بھر میں گؤ کشی پر جامع پابندی لاگو کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے ہی مرکزی حکومت نے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ان ریاستوں میں جہاں بی جے پی حکومتیں ہیں یہ نوٹی فکیشن لاگو کیا جاچکا ہے، لیکن غیر بی جے پی ریاستوں میں اس کی سخت مخالفت کی جارہی ہے۔ کرناٹک میں اس مسئلے پر حالانکہ مخالفت اور موافقت میں مباحثے جاری ہیں ، لیکن اس قانون کو نافذ کرنے کیلئے کرناٹک نے تین ماہ کی مہلت طلب کی ہے۔ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے ان ریاستوں میں جہاں کانگریس کی حکومت ہے ان ضوابط کو لاگو نہ کرنے کی سخت ہدایات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے عدالت میں اس کا چیلنج کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا، وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا، اڈوکیٹ جنرل اور دیگر ماہرین قانون اور آئین کے ماہرین سے اس سلسلے میں مشورہ شروع کرچکے ہیں۔ مرکزی حکومت کی طرف سے یہ قانون ریاستوں سے مشورہ کئے بغیر یکطرفہ طور پر لاگو کیاگیا ہے، کیرلا، مغربی بنگال، میگھالیہ سمیت متعدد ریاستوں نے ان ضوابط کی مخالفت کی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کرناٹک نے سپریم کورٹ میں اس کا چیلنج کرنے کی پہل کی ہے۔

میٹرو کا پہلا مرحلہ عنقریب عوام کیلئے کھول دیا جائیگا:سدرامیا
شہر بنگلور میں42.3کلومیٹر طویل میٹرو ریل پراجکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے، بہت جلد اسے مکمل طور پر عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ یہ اعلان آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 13600کروڑ روپیوں کی لاگت پر تیار شدہ میٹرو ریل پراجکٹ کے پہلے مرحلے کو جون کے دوران عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔اس سے روزانہ پانچ لاکھ لوگوں کو سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 26500کروڑ روپیوں کی لاگت سے میٹر وریل پراجکٹ کے دوسرے مرحلے پر بھی کام شروع ہوچکا ہے۔ تیزی سے اسے آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دوسرے مرحلے کے پراجکٹ کے ساتھ حکومت بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ تک بھی میٹروریل خدمات مہیا کرانے تیار ہے۔ انہوں نے عوام سے گذارش کی کہ اپنے سفر کی ضروریات کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ بہت جلد بی ایم ٹی سی کیلئے تین ہزار نئی بسیں خریدینے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے شہر میں حال ہی میں ہوئی موسلادھار بارشوں سے مچی تباہی کا تذکرہ کرتے ہوئے بی بی ایم پی کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے پورا کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کو سہل بنانے کیلئے جابجا فلائی اوور، انڈر پاس اور اسکائی واک کی ضرورت ہے تو اس کی نشاندہی کرکے بلاتاخیر تعمیر کیلئے قدم اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ شہر میں فی الوقت جو بھی ترقیاتی کام جاری ہیں ان کو دسمبر 2017 یا جنوری 2018 تک ہر حال میں مکمل کرلیا جائے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے تمام 198 وارڈوں میں مجوزہ اندرا کینٹین کی شروعات سے متعلق سدرامیا نے کہاکہ 15اگست سے شہر بھر میں 200 اندرا کینٹین ایک ساتھ کھولے جائیں گے۔


Share: